شدیدگرمی کی لہر ،محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کاخدشہ ظاہرکردیا

شدیدگرمی کی لہر ،محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کاخدشہ ظاہرکردیا
کیپشن: شدیدگرمی کی لہر ،محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کاخدشہ ظاہرکردیا

ویب ڈیسک: ملک میں کل سے شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ 14 اپریل سے ملک کے بیشترعلاقے گرمی کی لہرکے زیر اثر رہیں گے، سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر پیدا ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ متوقع ہے۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ گرمی کی شدت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا سکتی ہے۔

ادارے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

اس وقت شہر کا مطلع صاف اور موسم گرم ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مغربی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے، جو گرمی کی شدت میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال بڑھا دیں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے بچا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پی ڈی ا یم اے نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کل سے شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے، بالائی پنجاب میں 14 تا 18 اپریل درجہ حرارت 4 تا 6 ڈگری سے زائد رہنے کی توقع ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز و ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، پی ڈی ا یم اے نے کہا ہے کہ رات کے وقت بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ گرمی کے باعث گرد آلود ہواؤں اور طوفان کا خطرہ ہے، ریلیف کمشنر پنجاب نے ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

کاشتکاروں کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں، موبائل ہیلتھ ٹیمیں ہیٹ اسٹروک کے کیسز سے نمٹنے کے لیے متحرک رہیں گی۔

پی ڈی ایم اے نے بلوچستان کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر اور ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے، کل سے 18 اپریل تک بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں گرمی کاامکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Watch Live Public News