ٹیسلا نے چین میں درآمد شدہ ماڈلز کی گاڑیوں کے آرڈرز بند کر دیے

ٹیسلا نے چین میں درآمد شدہ ماڈلز کی گاڑیوں کے آرڈرز بند کر دیے

ویب ڈیسک: معروف امریکی الیکٹرک کار ساز کمپنی ٹیسلا نے چین میں امریکا سے درآمد کی جانے والی دو گاڑیوں کے ماڈلز کے نئے آرڈرز لینا بند کر دیے ہیں۔ ان ماڈلز میں ماڈل ایس (Model S) سیلون اور ماڈل ایکس (Model X) شامل ہیں۔

ٹیسلا کی چین میں آفیشل ویب سائٹ پر ان گاڑیوں کے ماڈلز سے "ابھی آرڈر کریں" کا بٹن ہٹا دیا گیا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ ماڈلز اب چینی صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ اس اقدام پر کمپنی کی جانب سے تاحال کوئی سرکاری وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ دونوں ماڈلز نہ صرف ٹیسلا کے مین پروگرام اکاؤنٹ پر دستیاب نہیں ہیں بلکہ چینی سوشل میڈیا ایپ وی چیٹ (WeChat) پر بھی ان ماڈلز کے آرڈر بٹن کو ہٹا کر صرف "دستیاب کاریں دیکھیں" کا بٹن رکھا گیا ہے۔ تاہم، ٹیسلا کے دیگر ماڈلز اب بھی چین میں خریداری کے لیے موجود ہیں۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ٹیسلا کا یہ اقدام امریکا اور چین کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر نئے محصولات عائد کیے ہیں، جس سے درآمد شدہ اشیاء خصوصاً گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

کاروباری ماہرین کے مطابق صارفین اب زیادہ تر مقامی طور پر تیار کی گئی گاڑیوں کو ترجیح دے رہے ہیں کیونکہ سرحدی محصولات کی وجہ سے درآمد شدہ گاڑیاں مہنگی ہو گئی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ درآمد شدہ ماڈلز کی مانگ میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

ٹیسلا کی جانب سے چین میں ماڈل ایس اور ماڈل ایکس کی فروخت بند کرنے کا فیصلہ ممکنہ طور پر اسی بدلتے ہوئے رجحان اور تجارتی دباؤ کا نتیجہ ہے۔

Watch Live Public News