ویب ڈیسک: بالی ووڈ کی معروف جوڑی رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کے درمیان علیحدگی کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں، تاہم دیپیکا پڈوکون نے ان خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔
ریڈٹ سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر دعویٰ کیا گیا کہ دونوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی ہے اور وہ ممکنہ طور پر علیحدگی کی جانب بڑھ رہے ہیں، تاہم یہ تمام دعوے غیر مصدقہ اور قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔ دیپیکا پڈوکون نے دو روز کی خاموشی کے بعد ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنی غیر موجودگی سے متعلق افواہوں پر طنزیہ انداز میں کہا کہ “اب یہ مذاق کس پر ہے؟”
یہ پہلا موقع نہیں جب اس جوڑی کے بارے میں ایسی افواہیں سامنے آئی ہوں۔ اس سے قبل 2024 میں بھی اس وقت چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں جب رنویر سنگھ نے انسٹاگرام سے اپنی متعدد پوسٹس، بشمول شادی کی تصاویر، آرکائیو کر دی تھیں، تاہم بعد میں دونوں نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے اپنے تعلق کو برقرار رکھنے کی تصدیق کی تھی۔