سکیورٹی فورسز کا ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں آپریشن، 3 بھارتی سپانسرڈ خوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز کا ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں آپریشن، 3 بھارتی سپانسرڈ خوارج ہلاک
کیپشن: سکیورٹی فورسز کا ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں آپریشن، 3 بھارتی سپانسرڈ خوارج ہلاک

ویب ڈیسک: سکیورٹی فورسز کا ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں آپریشن، کارروائی میں 3 مزید بھارتی سپانسرڈ خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 3 بھارتی اسپانسرڈ خوارج مارے گئے ہیں۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔ چار روزہ انسداد دہشت گردی آپریشن میں ہلاک ہونے والے خوارج کی تعداد 50 تک پہنچ گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز ملک کی سرحدوں کے تحفظ اور پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کوخراج تحسین:

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ایک بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ چار روز میں 50 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی مہارت اور بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔ 
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک افغان سرحد سمبازا پر خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔

وزیراعظم نے سمبازا میں پہلے47 اور کل 3 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجیوں کو ہلاک کرنے پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان شب و روز ارضِ وطن کو دہشت گردوں سے پاک کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ افواج پاکستان کو مجھ سمیت پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے غیرمتزلزل عزم میں قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔

Watch Live Public News