ویب ڈیسک: نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے دو مقدمات میں بڑی پیشرفت، عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد ،عمر سرفراز چیمہ ،میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق عدالت نے سزا یافتہ مجرموں کے جیل وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد ، اعجاز احمد چوہدری، میاں محمودالرشید اور عمر سرفراز چیمہ کو بھی دس سال قید کی سزا اور چھے لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
ملزمان کے خلاف تھانہ شادمان اور تھانہ سرور روڈ میں مقدمات درج ہیں۔ عدالت نے گزشتہ روز ملزمان کے خلاف دونوں کیسز کا فیصلہ سنایا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سنائے گئے فیصلے میں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی دونوں کیسز میں بری ہوگئے تھے۔ جبکہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو 5 پانچ سال کی سزا سنا دی گئی تھی۔
اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سنایا، تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں 19 ملزمان کا ٹرائل مکمل کیا گیا۔
ملزموں میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ شامل ہیں۔
تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں کل 41 ملزم نامزد ہیں جبکہ 15 ملزم اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں۔
تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں 6 ملزمان زیر حراست جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے، ملزمان کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
دوسری جانب بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے کا ٹرائل کوٹ لکھپت جیل میں مکمل کیا گیا، ملزمان میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد شامل ہیں۔
بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمودالرشید، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید بھی شامل ہیں۔
گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں کل 25 ملزم نامزد ہیں جبکہ 7 ملزم اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں، بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 12 ملزموں کا ٹرائل مکمل کیا گیا۔
بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 5 ملزم زیر حراست جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے، ملزموں کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔