عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کے فیصلے پر چیف جسٹس نے سوالات اٹھا دیے

عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کے فیصلے پر چیف جسٹس نے سوالات اٹھا دیے
کیپشن: عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کے فیصلے پر چیف جسٹس نے سوالات اٹھا دیے

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ کےچیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر سوالات اٹھا دیئے۔

تفصیلات کے مطابق  سپریم کورٹ نے عمران خان کی 8 اپیلوں پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو قانونی سوالات پر تیاری کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی مختصر سماعت کی جس میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شامل تھے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کے فیصلے پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ ضمانت کے کیس میں کیس کے مرکزی میرٹس پر کیسے رائے دے سکتی تھی؟ وکلا اس قانونی نقطے پر عدالت کی معاونت کریں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کوئی ایسی فائنڈنگ نہیں دے گی جس سے کسی کا کیس متاثر ہو، کیا ضمانت کیس میں حتمی آبزرویشنز دی جا سکتی ہیں؟

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ آج صرف پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کیا جا رہا ہے، وکلا آئندہ سماعت تک لیگل ایشوز پر تیاری کر لیں، فریقین کے وکلا قانونی سوالات پر عدالت کی معاونت کریں تاکہ کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہو سکے۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 19 اگست 2025 تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے مختلف مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔ 

Watch Live Public News