ویب ڈیسک: لاہور میں آج صبح سے جاری ہلکی بارش اور بوندا باندی نے موسم خوشگوار بنا دیا اور گرمی کی شدت کم ہو گئی۔ صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں پڑنے والی بارش نے نہ صرف حبس کا زور توڑا بلکہ شہریوں کے چہروں پر بھی مسکراہٹیں بکھیر دیں۔
شہر کے متعدد علاقوں جن میں لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، ڈیوس روڈ، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، اسلامپورہ، چوبرجی، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، مسلم ٹاؤن، گلبرگ، گلشن راوی اور کاہنہ شامل ہیں، بونداباندی ریکارڈ کی گئی۔ ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی اس بارش نے حبس اور گھٹن کا خاتمہ کر کے شہریوں کو سکون کا سانس لینے کا موقع دیا۔ کئی شہری گھروں سے نکل کر موسم سے لطف اندوز ہوتے اور مناظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کرتے نظر آئے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں وقفے وقفے سے مزید بارش اور بوندا باندی کی پیشگوئی کی ہے۔ ادارے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کے دوران خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
موسمی ماہرین کے مطابق یہ بارش مون سون سیزن کے ایک نئے سلسلے کا آغاز ہے جو آنے والے دنوں میں شہر کے درجہ حرارت میں مزید کمی لا سکتا ہے۔