عمران خان کے بیٹوں کی سیاست میں شمولیت پر عمر ایوب کا ردعمل

عمران خان کے بیٹوں کی سیاست میں شمولیت پر عمر ایوب کا ردعمل
کیپشن: عمران خان کے بیٹوں کی سیاست میں شمولیت پر عمر ایوب کا ردعمل

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹے، قاسم اور سلیمان، اگر سیاست میں قدم رکھنا چاہیں تو ان پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں بھائی جب بھی سیاست میں آئیں گے، پارٹی انہیں خوش آمدید کہے گی۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عمر ایوب نے واضح کیا کہ سیاست کا سفر آسان نہیں، اس میں مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی کے بیٹے مضبوط اعصاب کے مالک ہیں اور وہ اس چیلنج کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ 5 اگست کو عمران خان نے ہدایت دی تھی کہ احتجاج مقامی سطح پر کیا جائے۔ "اگر بانی پی ٹی آئی یہ کہیں کہ اسلام آباد نہ جانا، تو پھر ہم وہاں جانے والے کون ہوتے ہیں؟"

پنجاب کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے الزام عائد کیا کہ صوبے میں پولیس ظلم و بربریت پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومت سے مذاکرات کی کوشش کی تھی، مگر اس وقت حکومت کو بے بس پایا۔ ان کے مطابق پنجاب میں حکومت اپنی مرضی کا پٹواری بھی تعینات نہیں کر سکتی، اس لیے اس کے ساتھ مذاکرات بے معنی ہیں۔

مزید بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ان کے علم میں نہیں کہ عمران خان کو جیل سے رہائی کے لیے کوئی پیشکش موصول ہوئی ہو۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر کوئی ڈیل کی پیشکش آئے بھی، تو عمران خان اسے قبول نہیں کریں گے۔

یہ بیانات پی ٹی آئی کے مستقبل اور عمران خان کے سیاسی خاندان کے کردار پر مزید بحث کا باعث بن گئے ہیں۔

Watch Live Public News