اسلام آباد ہائی کورٹ،نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں بری کر دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ،نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں بری کر دیا
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں بری کر دیا گیا ہے. چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی، سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ نواز شریف کے وکلا اعظم نذیر تارڑ، امجد پرویز جب کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے نعیم طارق سنگیڑا، محمد رافع مقصود اور اظہر مقبول شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔ نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ زیر کفالت کے ایک نکتے پر صرف بات کرنا چاہتا ہوں، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آپ کے دلائل تو مکمل ہوگئے ہیں۔ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں صرف ایک نکتے زیر کفالت کے معاملے پر بات کرنا چاہتا ہوں، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے نواز شریف کے زیر کفالت سے متعلق کچھ ثابت کیا ہے؟ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے بتایا کہ استغاثہ کے اسٹار گواہ واجد ضیاء نے اعتراف کیا تھا کہ زیر کفالت سے متعلق کوئی شواہد موجود نہیں ہیں۔ نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے بینامی مقدمات سے متعلق 13 عدالتی فیصلے عدالت میں پیش کر دیے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے پوچھا کہ نیب نے کوئی ثبوت دیا کہ اپیل کنندہ کے زیر کفالت کون تھے؟ جس پر امجد پرویز نے کہا کہ بے نامی کی تعریف سے متعلق مختلف عدالتی فیصلے موجود ہیں۔ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ہم نے ٹرائل کورٹ کے سامنے بھی اعتراضات اٹھائے تھے، وکیل امجد پرویز نے مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالے دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے تین چیزوں پر انحصار کیا، ٹرائل کورٹ نے پانامہ کیس میں دائر سی ایم اے کو بنیاد بنایا، تینوں سی ایم اے حسن نواز، مریم نواز اور حسین نواز نے جمع کرائیں۔ امجد پرویز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی جانب سے ایک بھی سی ایم اے جمع نہیں کرائی گئی، ٹرائل کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ یہ جمع کرائی گئی سی ایم ایز مجرمانہ مواد ہیں، ایک بھی سی ایم اے ثابت نہیں کرتی کہ نواز شریف ان اثاثوں کے مالک ہیں۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ یہ جو سی ایم ایز دائر کی گئی تھیں ان میں کیا تھا؟ جس پر امجد پرویز نے بتایا کہ سی ایم ایز کو ریکارڈ پر رکھا ہی نہیں گیا، سی ایم ایز کے ساتھ منسلک دستاویز کو ریکارڈ پر رکھا گیا۔ امجد پرویز نے دلائل دیے کہ ان سی ایم ایز میں یہ کہیں نہیں لکھا کہ نواز شریف کی ملکیت تھی، بلکہ یہ لکھا گیا تھا کہ نواز شریف کا تعلق نہیں، یہ ایک اصول ہے کہ کسی ایک مقدمے کے ثبوت کو کسی دوسرے مقدمے میں نہیں پڑھا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی طور پر جب دونوں مقدمات کی نوعیت الگ الگ ہو، حسین نواز کے کیپیٹل ٹاک کے انٹرویو پر بھی انحصار کیا گیا، حالانکہ اس انٹرویو میں بھی حسین نواز کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کا تعلق نہیں۔ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کی قومی اسمبلی میں تقریر پر بھی انحصار کیا گیا، امجد پرویز نے مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالے سے بتایا کہ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ مقدمات میں ملزم کو معصوم سمجھا جاتا ہے۔ مزید بتایا کہ فیصلے میں کہا گیا کہ مقدمات میں استغاثہ کو الزام ثابت کرنا ہوتے ہیں، فیصلوں کے مطابق بار ثبوت استغاثہ پر ہوتا ہے، نہ کہ ملزم پر، ملزم کو اپنی معصومیت ثابت کرنے کے لیے مجبور نہیں کیا جاسکتا، یہی قانون اثاثوں کے مقدمات میں بھی لاگو ہوا ہے۔ امجد پرویز نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کوئی ایسا کیس نہیں جس میں ملکیت کا واضح اور منطقی ثبوت موجود ہوئے بغیر ملزم کو سزا دی گئی۔ امجد پرویز نے کہا کہ استغاثہ اس کیس میں ایک بھی ثبوت نہ لاسکا، لہذا بار ثبوت ملزم ملزم پر منتقل نہیں ہوسکتا، یہی میرا سارا کیس ہے، یہ بریت کے لیے ایک بہترین کیس ہے۔ نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل مکمل کر لیے جس کے بعد نیب وکیل نے اپنے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر احتساب عدالت میں ریفرنسز دائر کردئیے گئے تھے، نیب ریفرنسز میں تفتیش کے لیے سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی بنائی تھی، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نیب نے بے نامی اثاثوں کی تفتیش کی، اس کیس میں فرد جرم احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے عائد کی تھی۔ نیب وکیل کی جانب سے ریفرنس کی چارج شیٹ پڑھی گئی، نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ نیب نے اپنی تفتیش کی، اثاثہ جات کیس میں تفتیش کے دو تین طریقے ہی ہوتے ہیں، ہم نے جو شواہد اکٹھے کئے وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں، اس میں 161 کے بیانات بھی ہیں۔ نیب پراسکیوٹر نے نواز شریف پر عائد کی گئی فرد جرم کے کچھ حصے پڑھے، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ العزیزیہ اور ہل میٹل، دو پرائم الزامات ہیں، یہ بتائیے کہ العزیزیہ کب لگی، کیسے لگی؟ آپ پراسیکیوٹر تھے، بتائیں آپ کے پاس کیا شواہد تھے؟ آپ بتائیں کہ آپ نے کس بنیاد پر بار ثبوت ملزم پر منتقل کیا؟ چیف جسٹس نے نیب وکیل سے مکالمہ کیا کہ قانون کو چھوڑیں، قانون ہم نے پڑھے ہوئے ہیں، آپ سیدھا مدعے پر آئیں، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کوئی ریکارڈ پر ثبوت ہوگا؟ کوئی گواہ موجود ہوگا؟ زرا نشاندہی کریں۔ نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ فرد جرم عائد کرتے ہوئے عدالت نے ملزمان معلوم ذرائع لکھے، نواز شریف پرکرپشن اور کرپٹ پریکٹس کے الزام کے تحت فرد جرم عائد کی گئی، ایس ای سی پی، بنک اور ایف بی آر کے گواہ عدالت میں پیش ہوئے، یہ وائٹ کالر کرائم کا کیس ہے، پاکستان میں موجود شواہد اکٹھے کئے ہیں، بیرون ملک شواہد کے حصول کے لیے ایم ایل اے لکھے گئے۔ عدالت نے کہا کہ آپ یہ بتائیں وہ کون سے شواہد ہیں جن سے آپ انکا تعلق کیس سے جوڑ رہے ہیں، جائیدادوں کی مالیت سے متعلق کوئی دستاویز تو ہوگا ؟ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا شواہد میں جانے سے پہلے ایک کنفیوژن دور کرنا چاہوں گا، آخری سماعت پر آپ نے کہا تھا کہ فیصلہ دوبارہ تحریر کرنے کیلئے ٹرائل کورٹ ریمانڈ بیک کیا جائے، ہم نے ابھی تک کوئی آرڈر جاری نہیں کیا، آپ اس اپیل پر میرٹ پر دلائل دے کر سزا برقرار رکھ سکتے ہیں۔ نیب کے وکیل نے کہا کہ العزیزیہ ریفرنس کو دوبارہ احتساب عدالت بھیجنے کی استدعا کی تھی، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جج سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے اور اُس کے نوکری سے برطرف ہونے کے بعد اِس فیصلے کو درست نہیں کہا جا سکتا، العزیزیہ ریفرنس کا احتساب عدالت کا یہ فیصلہ متعصبانہ ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے ارشد ملک سے متعلق درخواست پر گزشتہ سماعت پر کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا تھا، چیف جسٹس نے امجد پرویز سے مکالمہ کیا کہ یہ تو آپ نے کہا تھا کہ آپ اس درخواست پر مزید کارروائی نہیں چاہتے، نیب وکیل کی بات درست ہے کہ سپریم کورٹ کے ارشد ملک کیس کے فیصلے میں آبزرویشنز کافی مضبوط ہیں۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ وہ درخواست اگر نہ بھی ہوتی، تب بھی اگر وہ فیصلہ ہمارے سامنے آجاتا تو ہم اس کو ملحوظ خاطر رکھتے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ نیب تو آپ پر احسان کر رہا ہے، آپ کیوں لینے سے انکاری ہیں؟ وکیل امجد پرویز نے کہا کہ احسان بھی تو دیکھیں کیسا ہے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ العزیزیہ کا فیصلہ کالعدم ہوجائے گا اور آپ کے موکل مجرم نہیں رہیں گے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اگر یہ معاملہ واپس ٹرائل کورٹ ہی جانا ہے تو بعد میں بھی ہمیں یہیں آنا پڑے گا، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ کو میرٹ پر دلائل دینے میں کتنا وقت چاہیے؟ دلائل میں شواہد بتائیں گے پھر ان کا تعلق جوڑنے کی کوشش کریں گے، چلیں پھر آپ میرٹ پر دلائل دیں، ہم میرٹ پر سن لیتے ہیں۔ واضح رہے کہ 7 دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کو معاملہ واپس بھیجنے کی استدعا مسترد کر دی اور نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس میرٹ پر سننے کا فیصلہ کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔