ڈیرہ اسماعیل خان دہشتگرد حملے، پاکستان کا افغانستان سے شدید احتجاج

ڈیرہ اسماعیل خان دہشتگرد حملے، پاکستان کا افغانستان سے شدید احتجاج
اسلام آباد: پاکستان نے افغان عبوری حکومت کو دہشتگرد حملوں پر شدید ڈیمارش جاری کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سکریٹری خارجہ نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا۔ پاکستان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ ایک دہشت گرد گروپ تحریک جہاد پاکستان نے قبول کی ہے۔ حملے کے نتیجے میں 23 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت ہوئی۔ پاکستان نے افغان عبوری حکومت سے حالیہ حملے کے مرتکب افراد کے خلاف مکمل تحقیقات اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام دہشت گرد گروہوں اور ان کی پناہ گاہوں کے خلاف فوری طور پر قابل تصدیق کارروائیاں کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ حملے کے مرتکب افراد اور افغانستان میں ٹی ٹی پی کی قیادت کو پکڑ کر حکومت پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ آج کا دہشت گردانہ حملہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کے خطرے کی ایک اور یاد دہانی ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کی لعنت کو شکست دینے کے لیے ہمیں اپنی تمام تر اجتماعی طاقت کے ساتھ عزم سے کام لینا چاہیے۔ پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔