بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی حالت تشویشناک، وینٹی لیٹر پر منتقل

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی حالت تشویشناک، وینٹی لیٹر پر منتقل
کیپشن: بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی حالت تشویشناک، وینٹی لیٹر پر منتقل

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی صحت انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔ وہ ڈھاکا کے ایور کیئر اسپتال میں سنگین طبی پیچیدگیوں کے باعث وینٹی لیٹر پر زیرِ علاج ہیں۔

میڈیکل بورڈ کے مطابق ان کے گردے مکمل طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں اور انہیں مسلسل ڈائیلاسز کی ضرورت ہے، جبکہ دیگر کئی امراض بھی خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں۔

میڈیکل بورڈ کے رکن پروفیسر ڈاکٹر شہاب الدین تعلقدار کے مطابق خالدہ ضیا کو سانس لینے میں شدید دشواری، خون میں آکسیجن کی کمی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کی زیادہ سطح جیسے مسائل کا سامنا ہے، جس کے لیے انہیں ہائی فلو نزل کینولا اور BiPAP سپورٹ دی جا رہی تھی۔ تاہم بہتری نہ آنے پر انہیں الیکٹیو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق 27 نومبر کو ان میں Acute Pancreatitis (لبلبے کی شدید سوزش) کی تشخیص ہوئی تھی، جو اب بھی انتہائی نگہداشت کے علاج کی متقاضی ہے۔ شدید انفیکشن کے باعث طاقتور اینٹی بائیوٹکس اور اینٹی فنگلز دی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں DIC اور معدے میں خون آنے کی وجہ سے انہیں مسلسل خون اور اس کے اجزا فراہم کیے جا رہے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ دل کے آورتک والو میں مسائل کے نشاندہی پر TEE ٹیسٹ کیا گیا، جس میں Infective Endocarditis کی تصدیق ہوئی۔ معیاری بین الاقوامی پروٹوکول کے تحت فوری علاج شروع کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے ملکی و غیر ملکی ماہرین سے بھی مشاورت جاری ہے۔

میڈیکل بورڈ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خالدہ ضیا کی صحت سے متعلق افواہوں سے گریز کیا جائے، کیونکہ ان کی حالت نازک ہے اور ڈاکٹرز کی مشترکہ ٹیم روزانہ ان کے علاج کا جائزہ لے رہی ہے۔

واضح رہے کہ خالدہ ضیا پہلے سے جگر، گردوں، دل کے امراض، ہائی بلڈ پریشر، شوگر، گٹھیا اور انفیکشنز سمیت کئی دائمی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ طبی حالت بگڑنے پر انہیں 23 نومبر کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں وہ اب بھی انتہائی نگہداشت میں زیرِ علاج ہیں۔

Watch Live Public News