ویب ڈیسک: ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 40 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔ عالمی بینک کے مطابق یہ رقم صوبہ پنجاب کے 16 شہروں میں پانی، صفائی اور نکاسیٔ آب کے جدید اور محفوظ نظام کے لیے استعمال کی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت بارشوں کے نکاس، صاف پانی کی فراہمی، سیوریج اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹمز کو اپ گریڈ کیا جائے گا، جس سے 45 لاکھ افراد کو صاف پانی اور بہتر صفائی کی سہولیات میسر آئیں گی۔ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم میں بہتری سے مزید 20 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔
ورلڈ بینک کے مطابق یہ منصوبہ صحت کے اخراجات میں کمی، آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات خصوصاً سیلاب اور خشک سالی کے مقابلے میں شہروں کی استعداد میں اضافہ کرے گا۔ مقامی حکومتوں کی گورننس، ریونیو سسٹم اور ادارہ جاتی صلاحیتیں بھی مضبوط ہوں گی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ منصوبے میں خواتین کی بھرپور شمولیت یقینی بنائی جائے گی، جس کے لیے نئی بھرتیاں، فیصلہ سازی میں نمائندگی، سکل ڈویلپمنٹ پروگرام اور جینڈر کمپلینٹ ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔ گھریلو سطح پر صفائی اور صحت و حفظانِ صحت سے متعلق آگاہی مہمات بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔
ورلڈ بینک کے مطابق پانی اور صفائی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنا بھی منصوبے کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔ یہ پروگرام پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور "ستھرا پنجاب" منصوبے کی معاونت کرے گا، جو صحت مند کمیونٹیز اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔