ویب ڈیسک: بنگلہ دیش اے ٹیم کے 25 سالہ کرکٹر طفیل احمد ریحان کے خلاف پولیس نے جنسی زیادتی کے مقدمے میں چارج شیٹ جمع کرا دی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
سب انسپکٹر محمد سمیع الاسلام کے مطابق چارج شیٹ انسدادِ خواتین و اطفال تشدد ایکٹ کی دفعہ 9(1) کے تحت جمع کرائی گئی ہے۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ طفیل نے جنوری میں فیس بک کے ذریعے خاتون سے رابطہ قائم کیا اور شادی کا وعدہ کیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان تعلق قائم ہوا۔
خاتون کے بیان کے مطابق 31 جنوری کو طفیل انہیں گلشن کے ایک ہوٹل لے گئے، جہاں انہیں اپنی بیوی کے طور پر متعارف کرایا اور مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے کئی واقعات پیش آئے، تاہم بعد میں طفیل نے شادی سے انکار کر دیا، جس پر انہوں نے یکم اگست کو گلشن تھانے میں مقدمہ درج کرایا۔
تحقیقات کے مطابق خاتون کا بیان، ہوٹل کی بکنگ ریکارڈ، طبی شواہد اور دیگر مواد ان کے الزامات کی تائید کرتے ہیں۔ اب عدالت 30 دسمبر کو ہونے والی آئندہ سماعت میں چارج شیٹ کا جائزہ لے گی۔
واضح رہے کہ 24 ستمبر کو ہائی کورٹ نے طفیل کو چھ ہفتوں کی عبوری ضمانت دی تھی اور انہیں حکم دیا تھا کہ مدت پوری ہونے پر خواتین و اطفال تشدد روک تھام ٹربیونل میں پیش ہوں۔ پولیس کے مطابق وہ اس ہدایت پر عمل کرنے کے بجائے ہانگ کانگ میں ایک کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلنے چلے گئے۔
عدالت آئندہ سماعت میں کیس کی مزید کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔