(ویب ڈیسک ) سابق وزیر اعظم شہباز شریف سے 5 آزاد منتخب ارکان اسمبلی نے ملاقات کی اور ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے آزاد منتخب ہونے والے پانچ ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ این اے 189 سے سردار شمشیر مزاری، پی پی 195 سے عمران اکرم، پی پی 240 سے سہیل خان، پی پی 297 سے خضر حسین مزاری اور پی پی 249 سے صاحبزادہ محمد گزین عباسی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔
تمام ارکان نے قائد نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا، شہباز شریف نے آزاد ارکان کا پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور مبارک دی۔
شہباز شریف نے ارکان سے گفتگو میں کہا کہ آپ کے جذبے کو سراہتا ہوں، آپ پاکستان کو سنوارنے اور عوام کو مشکلات سے نجات دلانے والے قافلے کا حصہ بنے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اولین ایجنڈا ملک اور قوم کی معاشی خوشحالی ہے، پہلے سے بھی بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے۔
نومنتخب ارکان اسمبلی نے نواز شریف اور شہباز شریف کی ملک وقوم کے لئے خدمات اور جذبے کو سراہا ۔اس دوران نو منتخب ارکان اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو نواز شریف کے پرخلوص وژن، ترقی کے ایجنڈے اور خدمت کے تجربے کی ضرورت ہے۔