ویب ڈیسک : چیمپئنز ٹرافی 2025 ۔۔۔ بھارت کرکٹ کنٹرول بورڈ کا بھارتی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان ۔ فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ اور بیٹز یشسوی جیسوال آؤٹ، ورون چکرورتی اور ہرشت رانا کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا - بھارتی شائقین نے کرکٹ ٹیم کا چنا ؤ مسترد کردیا۔
رپورٹ کے مطابق جسپریت بمراہ کمر کی چوٹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ نوجوان فاسٹ باؤلر ہرشت رانا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ یشسوی جیسوال ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے اور ان کی جگہ اسپنر ورون چکرورتی کو شامل کیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان کیا ہے، جس میں روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل (نائب کپتان)، وراٹ کوہلی، شریئس ایر، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، ہرشت رانا، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ، رویندر جڈیجہ اور ورون چکرورتی شامل ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے شروع ہو رہی ہے، جس میں دنیا کی آٹھ بہترین ون ڈے ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلے گا کیونکہ اس نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔
بھارت کے گروپ اسٹیج کے میچز 20 فروری کو بنگلہ دیش، 23 فروری کو پاکستان اور 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوں گے۔ اگر ہندوستان اگلے مرحلے میں پہنچتا ہے، تو سیمی فائنل 4 اور 5 مارچ کو ہوگا، جبکہ فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
یادرہےیہ پہلا موقع نہیں ہے جب بمراہ کو چوٹ کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل، وہ ستمبر 2022 میں کمر کی سرجری کے بعد تقریباً ایک سال تک بین الاقوامی کرکٹ سے باہر رہے تھے۔