ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب، شیخو پورہ، قصور، اوکاڑہ اور پاکپتن ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ زوال کا رخ ترقی کی طرف موڑ دیا ہے۔معاشی اشاریوں کی بہتری پاکستان کی بہتری ہے، الحمدللہ۔معیشت میں بہتری لا کر ایک بار پھر پاکستان سنوار رہے ہیں۔ پالیسی ریٹ میں 22 سے 12 فی صد کی کمی سے معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے۔
محمد نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ روپیہ مستحکم ہوا اور گروتھ بڑھ رہی ہے۔سٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر ہے، مہنگائی کم ہو رہی ہے۔بے ایمانی کے ساتھ آئے ہوئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلا دی تھیں۔ہم نے پاکستان کی خاطر ہسنتے ہوئے قربانیاں دیں، آگے بھی دریغ نہیں کریں گے۔شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے، آئی ایم ایف نے بھی معاشی بحالی اور پاکستان کے ترقی کی طرف بڑھنے کا اعتراف کیا ہے۔ پنجاب کی رونقیں اور خوشیاں بحال ہو رہیں، اللہ نظر بد سےبچائے۔اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں پاکستان سیاہ اندھیروں سے باہر آ رہا ہے۔مسلم لیگ (ن) نے پھر ثابت کیا کہ ہم ہی ملک کی خدمت کرتے ہیں، عوام کو ریلیف دیتے ہیں۔
ارکان اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فخر ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف ہمارے قائد ہیں جنہوں نے زخم کھائے لیکن ہمیشہ سیاست پر ریاست کے مفادات کو ترجیح دی۔نواز شریف پاکستان کی ترقی کی علامت اور ضمانت ہے۔ ملک کی خوشحالی اور عوام کی بحالی کی بات آتی ہے تو صرف نواز شریف کا نام آتا ہے۔ مریم نواز شریف جیسی مدبر اور محنتی وزیر اعلی کا ملنا، پنجاب اور ہماری خوش قسمت ہے۔پہلی دفعہ سوئے ہوئے محکموں کو بھی کام پر لگا دیا گیا ہے۔
ارکان اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف نے بطور وزیر اعلی نواز شریف اور شہباز شریف کی ترقی کی روایت کو ایک نئی مثال بنا دیا ہے۔قوم کی بیٹی مریم نواز شریف دن رات عوام اور پنجاب کی خدمت کر رہی ہے۔پاکستان اور پنجاب ترقی کر رہے ہیں، عوام کو تبدیلی نظر آ رہی ہے۔ستھرا پنجاب سکیم پورے صوبے اور ہر ضلع میں صفائی کی مثال بن چکی ہے۔
ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام خوش اور مطمئن ہیں، ترقیاتی کاموں کا معیار اور رفتار لائق تحسین ہے۔ ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ جن محکموں کو سال ہا سال کوئی پیسہ نہیں ملتا تھا، وہ بھی کام کر رہے ہیں۔
ارکان اسمبلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات، جنگلی حیات کا فروغ اور تحفظ، ماحولیاتی بہتری، شرمپس فارمنگ کا آغاز، لائیو سٹاک کی ترقی انقلابی اقدامات ہیں۔ستھرا پنجاب، کسان کارڈ، ٹریکٹر اورجدید زرعی مشینری، سکالرشپ پروگرام کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، 'دھی رانی پروگرام، بنیادی و دیہی مراکز اور صحت کے پورے نظام کی اپ گریڈیشن بڑے اقدامات ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری کا آنا ہی ہماری محنت کا صلہ ہے، الحمدللہ۔نواز شریف پاکستان کی ترقی کا برانڈ ہے، ہماری پہچان اور شناخت نواز شریف ہیں۔
اجلاس میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوئی۔پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔