کم آمدنی والے گھرانوں کیلئے رمضان سپورٹ پیکج 2026 کی منظوری، کتنے ہزار روپے ملیں گے؟

کم آمدنی والے گھرانوں کیلئے رمضان سپورٹ پیکج 2026 کی منظوری، کتنے ہزار روپے ملیں گے؟
کیپشن: کم آمدنی والے گھرانوں کیلئے رمضان سپورٹ پیکج 2026 کی منظوری، کتنے ہزار روپے ملیں گے؟

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے رمضان سپورٹ پیکج 2026 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت فی خاندان اوسطاً 12 ہزار 500 روپے دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیرصدارت کابینہ کے 47ویں اجلاس میں اس پیکج کی منظوری دی گئی۔ مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بتایا کہ اس سال 10 لاکھ 63 ہزار کم آمدنی والے افراد کو رمضان پیکج فراہم کیا جائے گا۔ 2024 میں پہلی بار فی خاندان 10 ہزار روپے دیا گیا تھا، تاہم اس سال پیکج میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے تاکہ بڑھتی مہنگائی کا مقابلہ کیا جا سکے۔

کابینہ اجلاس میں دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے، جن میں قرآن بورڈ کی ازسرنو تشکیل، نیشنل کمیشن برائے اقلیتی حقوق کے ارکان کی تقرری، لیویز شہدا کے لواحقین کے لیے 385 ملین روپے اضافی گرانٹ، جنوبی اضلاع میں پولیس انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری شامل ہیں۔

مزید برآں، ضلع ٹانک میں نئی تحصیل کا قیام، اولڈ ایج بینیفٹس ادارے کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی تشکیل نو، ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال ڈی آئی خان کے لیے اضافی گرانٹ، نوشہرہ کے کیٹگری ڈی اسپتال کی اپ گریڈیشن کی لاگت میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے 958 ہائی اور ہائرسیکنڈری اسکولوں میں آئی ٹی لیبز فعال بنانے، خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسی 2026 تا 2030، کالاش میرج بل 2025 اور ہندو میرج ترمیمی بل 2025 کی بھی منظوری دی۔ اس کے علاوہ خیبر کی تحصیل باڑہ میں فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کی تعمیر اور دیگر اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

Watch Live Public News