ٹی20 ورلڈکپ: بھارت کو دھچکا، پاکستان  کیخلاف میچ میں ابھیشیک شرما کی شرکت  مشکوک

ٹی20 ورلڈکپ: بھارت کو دھچکا، پاکستان  کیخلاف میچ میں ابھیشیک شرما کی شرکت  مشکوک

(ویب ڈیسک )بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر ابھیشیک شرما معدے کے انفیکشن کے باعث تاحال مکمل صحتیاب نہیں ہو سکے جس کے باعث پاکستان کے خلاف آئندہ میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھیشیک شرما کی طبیعت خرابی کے باعث اہم مقابلے میں شرکت کا امکان کم نظر آ رہا ہے۔ 

خیال رہے کہ 6 فروری کو ممبئی میں نیٹ پریکٹس کے بعد کچھ کھانے سے ان کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی۔

اگلے روز امریکا کے خلاف میچ میں ان کی حالت مزید بگڑ گئی۔ اگرچہ انہوں نے ٹیم کے لیے کھیلنے کا فیصلہ کیا، تاہم وہ خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

بعدازاں وہ ٹیم کے ہمراہ نمیبیا کے خلاف میچ کے لیے نئی دہلی پہنچے، لیکن وہاں ان کی طبیعت مزید خراب ہوگئی اور معدے کے انفیکشن کے باعث انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

جمعرات کو انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، تاہم نمیبیا کے خلاف میچ میں انہیں ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ میچ کے ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے بتایا کہ ابھیشیک مکمل فٹ نہیں ہیں اور ممکنہ طور پر ایک یا دو میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

اس بیان کے بعد پاکستان کے خلاف میچ میں ان کی دستیابی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

 واضح رہے کہ بھارت اپنا اگلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ 15 فروری کو کولمبو میں پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔

Watch Live Public News