ویب ڈیسک: ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ صارفین کے لیے مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق، صرف ایک ہفتے میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت مختلف شہروں میں 40 سے 590 روپے تک بڑھ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں آٹے کا 20 کلو تھیلا سب سے زیادہ قیمت 2,893 روپے 33 پیسے تک پہنچ گیا ہے۔ اس کے علاوہ، سرگودھا میں قیمت 590 روپے، ملتان میں 226 روپے 66 پیسے، خضدار میں 200 روپے، بہاولپور میں 163 روپے 33 پیسے اور کوئٹہ میں 140 روپے تک بڑھی ہے۔
ایک ہفتے کے دوران گوجرانوالہ میں قیمت 134 روپے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 120 روپے تک بڑھی۔ کراچی، پشاور، سکھر اور لاڑکانہ میں آٹے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ہوا، جبکہ حیدرآباد، سیالکوٹ، بنوں اور لاہور میں بھی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اب نئی قیمتوں کے مطابق، راولپنڈی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2,866 روپے 47 پیسے، پشاور میں 2,850 روپے، بنوں میں 2,800 روپے، کوئٹہ میں 2,660 روپے اور کراچی میں 2,600 روپے تک پہنچ چکا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں اس اضافے نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور لوگ حکومتی سطح پر فوری اقدامات کی توقع کر رہے ہیں۔