بلوچستان: حکومت کا 4 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ

بلوچستان: حکومت کا 4 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ
کیپشن: بلوچستان: حکومت کا 4 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: بلوچستان میں سرکاری اسکولوں میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ اساتذہ کی شدید کمی کو دور کرنے کے لیے نئی بھرتیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے اکیڈمک ایکسیلنس پروگرام کے تحت ایڈہاک بنیادوں پر 4 ہزار اساتذہ کی تقرری کا منصوبہ بنایا ہے۔

سیکریٹری تعلیم اسفندیار خان کاکڑ کے مطابق اس بھرتی مہم کا مقصد بنیادی مضامین، خصوصاً انگریزی، ریاضی اور سائنس میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنا ہے، کیونکہ صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کو ان مضامین میں شدید تدریسی بحران کا سامنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت سرکاری اسکولوں میں ان اہم مضامین کے لیے اساتذہ کی کمی 70 سے 80 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے صوبائی حکومت نے 4 ہزار اساتذہ کی بھرتی کی منظوری کے لیے سمری تیار کر لی ہے۔

اسفندیار خان کاکڑ کے مطابق یہ تقرریاں گریڈ 17 میں ایڈہاک بنیادوں پر کی جائیں گی، اور توقع ہے کہ اس اقدام سے سرکاری اسکولوں میں تدریسی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور تعلیمی نتائج بہتر ہوں گے۔

سیکریٹری تعلیم نے مزید بتایا کہ حکومت نے حال ہی میں ایسے ہزاروں غیر فعال اسکولوں کو دوبارہ فعال کیا ہے جو اساتذہ کی کمی یا حاضری نہ ہونے کے باعث بند پڑے تھے۔ ان کے مطابق نئی بھرتیوں کا یہ منصوبہ صوبے میں تعلیمی نظام کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔

Watch Live Public News