ویب ڈیسک: کابینہ ڈویژن نے اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی کے دوران توشہ خانہ میں جمع کروائے گئے تحائف کا ریکارڈ جاری کر دیا ہے۔
جاری دستاویزات کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت متعدد وفاقی وزرا اور اہم شخصیات قیمتی تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔
دستاویزات کے مطابق تمام متعلقہ شخصیات نے موصول ہونے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کروا دیے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ بھی عوام کے لیے پبلک کر دیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق اکتوبر تا دسمبر 2025 کے دوران تحائف وصول کرنے والوں میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، فرسٹ لیڈی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر بجلی اویس لغاری، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ شامل ہیں۔
اسی فہرست میں معاونِ خصوصی طارق فاطمی، صدر کے ملٹری سیکریٹری، صدر کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ، مشرف زیدی، ڈی جی منرلز ڈاکٹر نواز احمد ورک، سیکریٹری اقتصادی امور، سیکریٹری آئی ٹی اور صدر کے اے ڈی سی سمیت دیگر حکام کے نام بھی شامل ہیں۔
کابینہ ڈویژن کے ڈیٹا کے مطابق اس سہ ماہی کے دوران موصول ہونے والے تحائف میں روضۂ رسول ﷺ، خانۂ کعبہ اور مکہ مکرمہ کے ماڈلز، پینٹنگز، پرفیومز، شیلڈز، قالین، ٹی سیٹس، تلواریں، خنجر، گلدان، گھڑیاں، ڈیکوریشن پیسز، سعودی کافی، کتب، رائل کیپ، یادگاری اشیا، ٹیبل واچ، میٹرو بس کا ماڈل، قہوہ پاٹ، شرٹس، میوزیکل انسٹرومنٹس، کمبل، اسکارف اور ٹائیز سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔
دستاویزات کے مطابق اکتوبر تا دسمبر 2025 کے دوران وصول کیے گئے تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کروائے گئے ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی جاری کردہ فہرست میں تحائف دینے والوں کے نام شامل نہیں کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی آخری ششماہی (جنوری تا جون 2025) کی فہرست میں ملکی اور غیر ملکی تحائف دینے والوں کے نام درج تھے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق وصول شدہ تحائف کی مالیت کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے مزید کارروائی جاری ہے۔