جیمز ویب دوربین کی تصاویر کھینچنے کے سلسلے کو 1 سال مکمل، ناسا کی اب تک کی بہترین تصویر جاری

جیمز ویب دوربین کی تصاویر کھینچنے کے سلسلے کو 1 سال مکمل، ناسا کی اب تک کی بہترین تصویر جاری
لاہور: جیمز ویب کی جانب سے تصاویر کھینچنے کے سلسلے کو ایک سال مکمل ہونے پرامریکی خلائی ادارے ناسا کی جانب سے اب تک کی ایک بہترین تصویر اور ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ ناسا نے خلا میں بھیجے جانے والی جیمز ویب ٹیلی اسکوپ سے لی گئی کائنات کی پہلی رنگین تصویر 12 جولائی 2022 کو جاری کی تھی۔اس سلسلے کے 1 سال مکمل ہونے پر ناسا کی جانب سے اب تک کی ایک بہترین تصویر اور ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ جاری کی گئی تصویر اور ویڈیوز زمین سے 390 نوری سال کے فاصلے پر واقع ایک مقام Rho Ophiuchi کی ہے۔جس میں سورج جیسے ستاروں کو جنم لیتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ویڈیو میں 50 ننھے ستاروں کو ایک بادل میں دکھایا گیا ہے۔ ناسا کے ایڈمنسٹریٹر بل نیلسن نے ویڈیو ٹوئٹ کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ستاروں کی پیدائش کو دیکھیں۔ ناسا کی ایک اور آفیشل پامیلا میلوری نے ٹویٹ کیا اور کہا کہ ایک سال ہوگیا اور ایڈونچر تو ابھی شروع ہوا ہے۔ ناسا کی جانب سے جاری ویڈیو او ر تصویر میں نظرآنے والے ستارے ہمارے سورج سے زیادہ بڑے نہیں ، سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس سے ایک ستارے کی زندگی کے ابتدائی مرحلے کی واضح عکاسی ہوتی ہے۔ اس حوالے سے امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ ہمارا سورج بھی بہت پہلے اس مرحلے سے گزرا تھا اور اب ہمارے پاس کسی ستارے کی کہانی کے آغاز کو دیکھنے کی ٹیکنالوجی موجود ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔