ویب ڈیسک: راجستھان کے سیکر ضلع میں کھٹوشیام مندر کے باہر دکانداروں نےعقیدت مندوں پر لاٹھیوں سے حملہ کردیا، خواتین پر بھی تشدد کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کے ضلع سیکر میں واقع معروف کھٹو شیام مندر میں ہفتہ کے روز اس وقت کشیدگی پیدا ہو گئی جب عقیدت مندوں اور مقامی دکانداروں کے درمیان شدید جھگڑا ہو گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچھ عقیدت بارش سے بچنے کے لیے قریبی دکانوں میں پناہ لینے لگے، جس پر دکانداروں نے سخت اعتراض کیا۔
موقع پر موجود افراد کے مطابق بات چیت میں تلخی بڑھتی گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی، صورتحال اس وقت خطرناک رخ اختیار کر گئی ، کچھ دکانداروں نے لاٹھیوں سے عقیدت مندوں پر حملہ کر دیا۔ جھگڑے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ خواتین پر بھی لاٹھی چارج کیا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اردگرد لوگ کھڑے تماشہ دیکھ رہے ہیں جبکہ دکاندار اور عقیدت مند بارش میں لڑائی کررہے ہیں جیسے کسی فلم کے سین کی عکسبندی ہو۔
واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی افراد کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ کچھ کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔