ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو کہ پانچ سال قبل ختم کر دیے گئے تھے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں انہوں نے کہا کہ آٹھویں کلاس کے لیے بورڈ امتحانات کا باقاعدہ سلسلہ دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ پانچویں، چھٹی اور ساتویں جماعت کے طلبہ کے لیے امتحانات کو " اسسمنٹ ٹیسٹ" کی صورت میں لیا جائے گا۔
رانا سکندر حیات نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر انٹرنل اسسمنٹ سسٹم کا واضح اور مؤثر طریقہ کار تیار کیا جائے تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں پانچویں سے ساتویں جماعت تک کے انٹرنل امتحانی نظام کو مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
یاد رہے کہ پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کو 2019 میں ختم کر دیا گیا تھا، جس کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دوبارہ ان امتحانات کی بحالی کا اعلان کیا گیا ہے۔