سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس اختتام پذیر،اعلامیہ بعد میں جاری کیا جائےگا

سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس اختتام پذیر،اعلامیہ بعد میں جاری کیا جائےگا
کیپشن: سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس، ججز کارکردگی اور شکایات کا تفصیلی جائزہ متوقع

ویب ڈیسک:   سپریم جوڈیشل کونسل کا اہم اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ختم ہو گیا، اعلامیہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر بطور کونسل ممبران شریک ہیں، جب کہ لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم اور سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جنید غفار بھی اجلاس میں موجود ہیں۔

شکایات، کوڈ آف کنڈکٹ اور کارکردگی پر غور

اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف موصول ہونے والی شکایات اور سپریم جوڈیشل کونسل کے موجودہ قواعد و ضوابط کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں بعض ججز کی جانب سے تحریر کیے گئے خطوط کے تناظر میں عدالتی کوڈ آف کنڈکٹ پر بھی مشاورت متوقع ہے۔

مزید برآں، اجلاس کے دوران ججز کی پیشہ ورانہ اہلیت، اخلاقی معیار اور رویے کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ عدالتی نظام میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جا سکے۔

کونسل کا کردار اور اہمیت

یاد رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل ایک آئینی و قانونی ادارہ ہے جو اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف شکایات کی سماعت، کارکردگی کا تجزیہ، اور ممکنہ کارروائی کے لیے بااختیار ہے۔ اس ادارے کا مقصد عدلیہ کو بدعنوانی سے پاک رکھنا اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنا ہے۔

Watch Live Public News