ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی میں معطل اپوزیشن ارکان کے خلاف ریفرنس کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اس مقصد کے لیے ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں مختلف جماعتوں کے نمائندگان شامل کیے گئے ہیں۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم میں وزیر برائے پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان، خواجہ سلمان رفیق، رانا ارشد، سمیع اللہ خان اور احمد اقبال شامل ہیں، جبکہ پیپلزپارٹی سے علی گیلانی، مسلم لیگ ق سے چوہدری شافع اور آئی پی پی کے شعیب صدیقی بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں۔
ادھر اپوزیشن کی جانب سے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر، پارلیمانی لیڈر علی امتیاز وڑائچ اور لاہور کے صدر شیخ امتیاز کو مذاکراتی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے بھی اعجاز شفیع سمیت دیگر رہنماؤں کے نام اسپیکر آفس کو بھجوائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کو آج ہی اپنی مذاکراتی ٹیم کے مکمل نام اسپیکر کے دفتر میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مذاکرات کا دوسرا دور اتوار کو متوقع
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اتوار کو منعقد ہوگا، جس میں معطل ارکان سے متعلق ریفرنس پر پیش رفت کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر فریقین کسی متفقہ نتیجے پر پہنچ گئے تو اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے ریفرنس واپس لینے پر غور کیا جا سکتا ہے۔