ویب ڈیسک: ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ 242 افراد کو لے کر اپنی منزل کی جانب جیسے ہی بڑھا چند منٹوں میں بڑا حادثے کا شکار بن گیا، طیارے میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی سمیت 242 مسافر سوار تھے، سوشل میڈیا پر طیارے کی اڑان بھرنے کی ویڈیو کافی وائرل ہورہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بوئنگ 8-787 ڈریم لائنر طیارہ اڑان بھرنے کے فوری بعد احمد آباد ایئرپورٹ کےقریب شہری علاقے میں گر کر تباہ ہوا، حادثے کا شکار طیارہ لندن کے گیٹ وک ایئرپورٹ جا رہا تھا۔ حادثے کے شکار طیاے میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، 1 کینیڈین اور 7 پرتگالی مسافر سوار تھے، جبکہ گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ روپانی بھی طیارے میں سوار تھے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ احمد آباد کے قریبی علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے نے ایئر انڈیا کی پرواز 1771 کی ٹیک آف سے لے کر اس کے المناک حادثے تک کے مناظر قید کر لیے۔
ویڈیو میں طیارہ رن وے سے اڑان بھرتا ہے، لیکن چند لمحوں بعد غیر معمولی طور پر نیچے آ جاتا ہے اور رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ فوٹیج تحقیقات میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے کیونکہ اس سے حادثے کی ابتدائی وجوہات کا اندازہ لگانے میں مدد مل سکتی ہے۔ ہوا بازی کے ماہرین اور متعلقہ حکام نے فوٹیج حاصل کر کے حادثے کی تفصیلات جانچنے کا عمل شروع کر دیا ہے، حادثے کے نتیجے میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔