مریم نواز کا بڑا فیصلہ، 2 ہفتے بعد لاہور میں فری وائی فائی دستیاب ہوگا

مریم نواز کا بڑا فیصلہ، 2 ہفتے بعد لاہور میں فری وائی فائی دستیاب ہوگا
کیپشن: Maryam Nawaz's big decision, free Wi-Fi will be available in Lahore after 2 weeks

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آئندہ 2 ہفتوں میں لاہور میں فری وائی فائی فراہم کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور میں ہی 21منزلہ ارفع کریم ٹاور ٹو بنانے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں آئی ٹی، ایجوکیشن اور فلم سٹی پراجیکٹ کا آغاز جلد ہوگا، جس کے لیے مائیکروسافٹ، اوریکل اور دیگر بڑی کمپنیوں نے آئی ٹی سٹی لاہور کیلئے آمادگی ظاہر کردی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سی ای او سی بی ڈی عمران امین نے آئی ٹی سٹی اورلاہورنالج پارک پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے چین کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کو آفس بنانے کیلئے مدعو کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے لاہور نالج پارک اورآئی ٹی سٹی کے قیام کیلئے پلان کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں فری وائی فائی پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری بھی دی، جس کے تحت لاہور میں 516 مقامات پر فری وائی فائی پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ دو ہفتے میں 10 مقامات پر فری وائی پراجیکٹ کا آغاز کردیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تعلیمی اداروں، ائیرپورٹ، ریلوے سٹیشن اور بس اسٹینڈ پر ترجیحاً فری وائی فائی شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔