ویب ڈیسک: اقوام متحدہ اور ایران کی جانب سے پاکستان میں مسافر ٹرین پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی گئی ہے۔
ترجمان سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اسٹیفن ڈوجارک نے کہا ہے کہ شہریوں کے خلاف حملے ناقابل قبول ہیں، حادثے سے متعلق صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، معصوم مسافروں کو یرغمال بنانے کی خبر پر افسوس ہوا، مسافروں کی رہائی جلد ممکن بنائی جائے۔
دوسری جانب ایران نے بھی پاکستان میں مسافر ٹرین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران مسافروں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائی کی سختی سے مذمت کرتا ہے، شہریوں کو نشانہ بنانا خوفناک ہے، ایرانی حکومت معصوم شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایرانی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت معصوم شہریوں کو یرغمال بنایا گیا، شہریوں کے خلاف پرتشدد اقدامات اور اہم مواصلاتی نظام کو متاثر کرنا انسانیت کے خلاف بزدلانہ جرم ہے۔