(ویب ڈیسک ) خواتین کو ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنے کیلئے پی آئی ٹی بی کے تربیتی پروگرام SheWins کے نئے بیچ میں رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا۔
خواتین کو ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنے اور انہیں کریئر بلڈنگ میں مدد فراہم کرنے کیلئے پنجاب آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تربیتی پروگرام ' SheWins' میں آن کیمپس اور آن لائن ٹریننگ کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
خواتین امیدوار ای کامرس ود سوشل میڈیا مارکیٹنگ اینڈ ایس ای او اور یوٹیوب کانٹینٹ کریشن اینڈ ویڈیو ایڈیٹنگ کورسز میں داخلے کیلئے اپلائی کر سکتی ہیں۔ 6 ہفتوں پر مشتمل آن کیمپس ٹریننگ کیلئے 20 ہزار روپے جبکہ آن لائن ٹریننگ کیلئے 15 ہزار روپے رعایتی فیس مقرر کی گئی ہے۔
پروگرام کے تحت اب تک 2 ہزار سے زائد خواتین تربیت مکمل کر چکی ہیں اور اپنا خود کا آن لائن کاروبار چلا رہی ہیں۔
اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعے خواتین کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ نہ صرف معاشی طور پر خود مختار بن سکیں بلکہ اپنے آن لائن کاروبار کو فروغ دیتے ہوئے ملکی معیشت میں بھی مثبت کردار ادا کر سکیں۔ ٹریننگ پروگرام سے مستفید ہونے کیلئے عمر 16 سے 50 سال جبکہ تعلیمی قابلیت میٹرک یا اس سے زائد ہونا ضروری ہے۔ خواتین امیدوار SheWins ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کرا سکتی ہیں۔