ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے پنشنرز کے لیے نیا ڈیجیٹل پنشن نظام متعارف کرا دیا، جس کے تحت بینک جاکر بائیو میٹرک تصدیق کرانے کی شرط ختم کردی گئی ہے، تاہم ہر 6 ماہ بعد نادرا ایپ کے ذریعے زندگی کی تصدیق لازمی ہوگی۔
وزارت خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نئے نظام کا باضابطہ نوٹیفکیشن اور متعلقہ دستاویزات جاری کردیں۔ نئے نظام کے تحت کاغذی فارم اور روایتی طریقہ کار ختم کردیا گیا ہے، جبکہ پنشن براہِ راست پنشنرز کے بینک اکاؤنٹس میں کریڈٹ کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق بزرگ پنشنرز کے لیے زندگی کی تصدیق کا متبادل نظام بھی موجود ہوگا۔ بینکوں کا کردار صرف پنشن کی ادائیگی تک محدود رہے گا اور وہ بائیو میٹرک یا زندگی کے ثبوت کا ڈیٹا جمع کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔
نادرا کا نظام کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (CGA) اور ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل (MAG) کے نظام سے منسلک کردیا گیا ہے، جس کے ذریعے پنشنر کی ڈیجیٹل زندگی کی تصدیق براہِ راست متعلقہ اداروں تک پہنچائی جائے گی۔
نیا ڈیجیٹل پنشن نظام وفاقی حکومت کے تمام سول ملازمین پر لاگو ہوگا۔