ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور عراقی پانیوں میں دو آئل ٹینکروں پر حملوں کی اطلاعات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق عراقی سمندری حدود کے قریب دو بین الاقوامی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
برطانوی خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اس کی قیمت 100.50 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت بھی 8.57 فیصد اضافے کے بعد 94.73 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
ابتدائی ایشیائی تجارت کے دوران امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 7.5 فیصد اضافے کے ساتھ 93.80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خلیج اور آبنائے ہرمز کے قریب کشیدگی برقرار رہی تو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عالمی توانائی ایجنسی نے 400 ملین بیرل تیل جاری کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اس اعلان کے باوجود خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔