ویب ڈیسک: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ واشنگٹن اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا حامی ہے اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مارکو روبیو نے برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں جنوبی ایشیا میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ حالات پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے جنگ بندی پر عمل درآمد اور روابط کا تسلسل ضروری ہے۔
روبیو نے برطانوی وزیر خارجہ کے علاوہ جرمن چانسلر فریڈرک مرز سے بھی علیحدہ گفتگو کی، جس میں یوکرین تنازعے پر امریکی مؤقف کی حمایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی روز سے جاری محاذ آرائی کے بعد اتوار کی شام جنگ بندی عمل میں آئی تھی، تاہم اس کے بعد بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی۔
یہ جھڑپیں 1999 کی کارگل جنگ کے بعد بدترین نوعیت کی سمجھی جا رہی ہیں۔ جنگ بندی کا اعلان غیر متوقع طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے کیا تھا۔