ویب ڈیسک: بھارتی بلے باز اور سابق کپتان بھارتی کرکٹ ٹیم ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں ویرات کوہلی نے لکھا ہے کہ 14 سال ہو گئے ہیں جب میں نے پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں " بیگی بلیو" پہنی تھی۔ کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ فارمیٹ مجھے اس سفر پر لے جائے گا۔ اس سفر نے مجھے آزمایا، مجھے تراشا، اور مجھے وہ سبق سکھائے جو میں پوری زندگی یاد رکھوں گا۔
انہوں نے لکھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا کچھ بہت ہی ذاتی سا تعلق ہوتا ہے۔ طویل دن، اور وہ چھوٹے چھوٹے لمحات جنہیں کوئی نہیں دیکھتا مگر وہ ہمیشہ کے لیے آپ کے ساتھ رہ جاتے ہیں۔اس فارمیٹ سے الگ ہونا آسان نہیں ہے، مگر یہ ابھی ٹھیک لگ رہا ہے۔میں نے اس کھیل کو اپنا سب کچھ دیا اور اس کھیل نے مجھے میری سوچ سے کہیں زیادہ واپس لوٹایا۔میں شکرگزاری سے بھرے دل کے ساتھ رخصت ہو رہا ہوں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اُن لوگوں کے لیے جن کے ساتھ میں نے میدان شیئر کیا، اور اُن تمام لوگوں کے لیے جنہوں نے مجھے اس سفر میں اہمیت دی سب کا شکر گزار ہوں۔میں ہمیشہ اپنی ٹیسٹ کیریئر کو مسکراہٹ کے ساتھ یاد کروں گا۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔ کوہلی نیشنل ٹیم کے لیے اب صرف ون ڈے فارمیٹ کھیلیں گے۔
کوہلی نے 123 ٹیسٹ میچزمیں 46.85 کی اوسط سے 9230 رنز بنائے۔بھارتی سٹار نے 68 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کی۔ ویرات کوہلی بھارتی تاریخ کے سب سے کامیاب ٹیسٹ کپتان بھی ہیں۔ کوہلی کی قیادت میں بھارت نے 68 میں سے 40 ٹیسٹ میچز جیتے۔مجموعی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے والے چوتھے کپتان ہیں۔
کوہلی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سکور بنانے والے بھارت کے چوتھے کھلاڑی ہیں۔سب سے زیادہ رنز بنانےمیں سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ اور سنیل گواسکر کے بعد چوتھے نمبر پر ہیں۔