پاکستان نے نور خان ایئر بیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی کی خبروں کو مسترد کردیا

پاکستان نے نور خان ایئر بیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی کی خبروں کو مسترد کردیا

(ویب ڈیسک ) پاکستان نے امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کو قطعی طور پر مسترد  کر دیا ہے۔

پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق  سی بی ایس رپورٹ پر سرکاری ردِعمل آگیا۔ پاکستان نے امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کو قطعی طور پر مسترد  کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ  سی بی ایس نیوز کی رپورٹ میں نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق گمراہ کن اور سنسنی خیز دعوے کیے گئے۔ قیاس آرائیوں پر مبنی بیانیے  خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے لیے گھڑے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد اور اسلام آباد مذاکرات کے ابتدائی دور کے دوران، ایران اور امریکہ کے متعدد طیارے پاکستان آئے۔امریکی و ایرانی طیارے  مذاکراتی عمل سے وابستہ سفارتی عملے، سکیورٹی ٹیمز اور انتظامی اہلکاروں کی نقل و حرکت کے لئے تھے۔ بعض طیارے اور معاون عملہ آئندہ مذاکراتی ادوار کی توقع میں عارضی طور پر پاکستان میں موجود رہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ  باضابطہ مذاکرات تاحال دوبارہ شروع نہیں ہوئے، تاہم اعلیٰ سطح سفارتی روابط جاری ہیں، اسی تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ کے اسلام آباد کے دوروں کو موجودہ لاجسٹک اور انتظامی انتظامات کے تحت سہولت فراہم کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں موجود ایرانی طیارے جنگ بندی کے دورانیے میں آئے تھے،ایرانی طیاروں کی آمد کا مقصد کسی بھی فوجی ہنگامی صورتحال یا حفاظتی انتظام سے کوئی تعلق نہیں، حقائق کے برعکس تمام دعوے محض قیاس آرائیاں، گمراہ کن اور حقائق سے مکمل طور پر لاتعلق ہیں۔

Watch Live Public News