پاکستان افغانستان میں کارروائی کا حق رکھتا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

پاکستان افغانستان میں کارروائی کا حق رکھتا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
کیپشن: پاکستان افغانستان میں کارروائی کا حق رکھتا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد افغانستان میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں افغان مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں، جو ثالث ممالک کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کو خالی نہیں جانے دے گا اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کے محض افسوس یا مذمتی بیانات سچائی کا ثبوت نہیں ہو سکتے، کیونکہ انہی کی پناہ میں موجود عناصر بار بار پاکستان پر حملے کر رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے وانا کیڈٹ کالج پر حملے کے حوالے سے کہا کہ اللہ کے فضل اور پاک فوج کی بروقت کارروائی سے تمام کیڈٹس محفوظ رہے۔

بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے ہائی الرٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے راستے پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث ہے، اور اب اس کا دشمنی پر مبنی رویہ کھل کر سامنے آ چکا ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گاہ نہیں، دہشت گردی کے زیادہ تر واقعات میں افغان دہشت گرد ملوث پائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دوست ممالک ثالثی کے ذریعے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تو پاکستان اس کا خیر مقدم کرے گا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کی زبانی یقین دہانیوں پر دنیا کو اعتماد نہیں، تو پاکستان بھی ان پر بھروسہ نہیں کر سکتا۔ ان کے مطابق ثالثوں کے ذہن میں کوئی ابہام نہیں رہا کہ افغانستان میں بھارتی قونصلیٹ دہشت گردوں کو مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان کے حوالے سے تمام دستیاب سفارتی آپشنز استعمال کرے گا تاکہ ملک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Watch Live Public News