ویب ڈیسک: چین کے صوبے سچوان میں چند ماہ قبل ٹریفک کے لیے کھولا جانے والا ہونگ چی پل اچانک گرگیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، 758 میٹر طویل یہ پل منگل کے روز اچانک منہدم ہوگیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ حکام کے مطابق، پل میں دو روز قبل دراڑیں ظاہر ہونا شروع ہوئی تھیں، جس کے بعد انجینئرز کی ایک ٹیم معائنہ کے لیے بھیجی گئی تھی، لیکن منگل کو پل کا ایک بڑا حصہ اچانک نیچے آ گیا۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق، پل کے گرنے کے بعد علاقے میں ٹریفک فوری طور پر معطل کر دی گئی ہے اور سچوان صوبے کے حکام نے قریبی پلوں کی ہنگامی جانچ شروع کر دی ہے تاکہ مزید کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
یہ پل چند ماہ قبل عوام کے لیے کھولا گیا تھا اور اسے جدید ترین تعمیراتی ڈھانچے کی علامت سمجھا جا رہا تھا، لیکن اس حادثے نے چین کے تعمیراتی معیار اور نگرانی کے نظام پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔