ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ون ڈے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ محمد رضوان نے اپنی مرضی سے ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
شاہین آفریدی نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ پہلی بار کپتان بنے تو انہوں نے بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں سے رابطہ کیا تھا۔ تاہم، اس حوالے سے وہ یہ نہیں بتانا چاہتے کہ انہیں کپتانی سے کیوں ہٹایا گیا۔
شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ جب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں ون ڈے کی کپتانی کی پیشکش کی، تو انہوں نے فوری طور پر رضوان کو آگاہ کیا اور ان سے مشاورت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ رضوان کا کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ خود ان کا تھا اور اس کے بعد ہی انہوں نے کپتانی قبول کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں پر توجہ دے رہی ہے، اور ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ یہ کام صرف رضوان، بابر، فخر، صائم یا شاہین کا نہیں، بلکہ پوری ٹیم کا ہے۔