جنرل ساحر شمشاد مرزا  سے تاجک وزیر دفاع کی ملاقات، دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جنرل ساحر شمشاد مرزا  سے تاجک وزیر دفاع کی ملاقات، دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

(ویب ڈیسک ) تاجکستان کے وزیر دفاع نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور قیامِ امن کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تاجکستان کے وزیرِ دفاع کرنل جنرل امام علی عبدالرحیم نے جوائنٹ  اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا۔اس موقع پر تاجک وزیر دفاع نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔ 

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ 

اس موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان برادرانہ تعلقات کے حامل ممالک ہیں، دونوں ممالک خطے میں امن واستحکام کے فروغ کیلئے دفاعی روابط مزید مستحکم کرنے میں مصروف ہیں۔ 

تاجک وزیر دفاع نےدہشتگردی کے خلاف جنگ اور قیامِ امن کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

قبل ازیں جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی آمد پر مسلح افواج کے دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

Watch Live Public News