ویب ڈیسک:پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی طرف سے بِلا اشتعال فائرنگ پر پاک فوج کا بھرپور اور شدید جواب، متعدد افغان فوجی ہلاک اور خارجی تشکیلیں تتر بتر، افغان پوسٹیں خارجیوں کو کور فائر دینے میں ناکام ہوئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ اشتعال انگیزی بھارت کی پشت پناہی سے کی گئی، جس کا مقصد کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) کی دراندازی میں مدد فراہم کرنا اور پاکستان کے سرحدی علاقوں میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ پاک فوج نے دشمن کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے کئی افغان پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جو TTP کی حمایت میں استعمال ہو رہی تھیں۔
حکومتی ذرائع نے مؤقف اختیار کیا کہ کابل کی قیادت بھارت کے ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے پاکستان مخالف عناصر کو سہولت فراہم کر رہی ہے، جو نہ صرف علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے بلکہ افغان عوام کے اپنے مفادات کے بھی خلاف ہے۔
افغان وزارتِ خارجہ کی جانب سے فائربندی کا اعلان کیا گیا، تاہم پاکستان نے اس یک طرفہ اعلان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ سرحدوں پر مکمل دفاع کو یقینی بنایا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ "ہم پر حملہ کیا گیا، جواب دیا گیا، اور پوری قوت سے دیا گیا۔ ہماری سرحدیں، ہمارا وقار — ہر قیمت پر محفوظ رکھا جائے گا۔"
دوسری جانب، سعودی عرب، قطر اور دیگر دوست ممالک نے پاک افغان سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تحمل اور مذاکرات کی اپیل کی ہے۔ ان ممالک نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔