فائنل میں شکست، رمیز راجہ کی مشکلات میں اضافہ

فائنل میں شکست، رمیز راجہ کی مشکلات میں اضافہ
ایشیا کپ 2022ء کے فائنل میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اس کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں رمیز راجہ کیخلاف یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ رمیز راجہ پی سی بی جیسے قومی ادارے کو چلانے کے اب قابل نہیں رہے۔ انہوں نے اپنی قرارداد میں موقف اختیار کیا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی ایشیاء کپ میں حیران کن شکست سے ہر پاکستانی دلبرداشتہ ہو چکا ہے۔ اس لئے رمیز راجہ کو فوری طور پر چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے ہٹایا جائے۔ ایم پی اے سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ایشیاء کپ کے فائنل میں یہ تمام خامیاں نمایاں طور پر سامنے آئی ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم میں مینجمنٹ، بہتر ٹریننگ اور حکمت عملی کا شدید فقدان ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ ہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو فوری عہدے سے ہٹایا جائے۔ رمیز راجہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سرانجام دینے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔