پبلک نیوز: پاکستان نے تھرمل پلانٹ کو شمسی توانائی میں تبدیل کرنے کے لیے چینی فرم کے ساتھ 200 ملین ڈالر کے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیے۔
تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ میں ناردرن پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ (NPGCL) نے چینی فرمNingbo Green Light Energy Pvt Ltd کے ساتھ 200 ملین ڈالر کی مفاہمتی یاداشت (MoU)پر دستخط کردیئے۔
یہ منصوبہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(SIFC) کے ذریعے ایک موجودہ تھرمل پاور پلانٹ کو اپ گریڈ کر کے 300 میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ پر منتقل کریگا۔
اس منصوبے سے نمایاں طور پر کم لاگت پر سالانہ 400 ملین یونٹ بجلی پیدا ہو گی جس کی قیمت 45روپے سے کم ہو کر 14روپے فی یونٹ تک آ جائے گی۔
جنریشن کمپنی GENCO-III کی زمین، اثاثہ جات اور بنیادی ڈھانچے کا استعمال کرتے ہوئے، یہ اقدام اقتصادی فائدہ کے ساتھ ساتھ قابل تجدید توانائی کی منتقلی کی طرف خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)کی مہم کو تقویت دیتا ہے۔
اس منصوبے سے بھاری ایندھن کے تیل (HFO) کی ضرورت ختم ہو جائیگی۔
سٹیک ہولڈرز کے لیے پرکشش منافع پیش کرتے ہوئے اس منصوبے کے تحت درآمدی بلوں میں کمی کی وجہ سے سالانہ 44 ملین ڈالر کی بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔