ایران میں مسلح افراد کا ورکشاپ پر حملہ:باپ بیٹے سمیت 8 پاکستانی قتل

ایران میں مسلح افراد کا ورکشاپ پر حملہ:باپ بیٹے سمیت 8 پاکستانی قتل
کیپشن: ایران میں مسلح افراد کا ورکشاپ پر حملہ:باپ بیٹے سمیت 8 پاکستانی قتل

ویب ڈیسک: ایران میں 8 پاکستانی مزدوروں کو قتل کر دیا گیا،ایرانی صوبے سیستان میں ورکشاپ میں کام کرنے والے پاکستانیوں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ ضلع مہرستان کے گاؤں حائض آباد میں پیش آیا، تمام مقتولین کو ہاتھ پاؤں باندھ کر گولیاں ماری گئیں، مقتولین ایک ورکشاپ میں رہائش پذیر تھے، یہ ورکشاپ پالش، پینٹنگ اور کار مرمت کا مرکز تھی۔

حملہ آوروں نے رات کے وقت ورکشاپ میں گھس کر فائرنگ کی، جاں بحق افراد میں دِلشاد، اُس کا بیٹا نعیم، جعفر، دانش اور ناصر شامل ہیں، تمام مقتولین کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب سے تھا۔

سکیورٹی فورسز نے لاشیں جائے وقوعہ سے برآمد کر لیں، واقعہ مہرستان شہر سے تقریباً 5 کلومیٹر دور پیش آیا، حملہ آوروں کی شناخت تاحال نہ ہو سکی، ایرانی حکام نے تفتیش کا آغاز کر دیا۔

ذرائع کے مطابق قتل ہونے والے پاکستانی شہری بہاولپور سے تعلق رکھتے تھے، قتل ہونے والے پاکستانیوں کو مبینہ طور پر پاکستان مخالف دہشت گرد تنظیم کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔

پاکستانی سفارت خانہ کے حکام مزید تفصیلات حاصل کر رہے ہیں، دور دراز علاقے کی وجہ سے ابھی ایرانی حکام نے کچھ نہیں بتایا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارتخانہ کے افسران کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کردیا گیا ہے، لاشوں کی تصدیق اور شناخت کا عمل جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس جنوری میں بھی ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر سراوان میں نامعلوم مسلح افراد نے صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 پاکستانی مزدوروں کو گولیاں مار کر جاں بحق کردیا تھا۔

Watch Live Public News