ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر کاخدشہ،محکمہ موسمیات کا ہیٹ ویو الرٹ جاری

ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر کاخدشہ،محکمہ موسمیات کا ہیٹ ویو الرٹ جاری
کیپشن: ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر کاخدشہ،محکمہ موسمیات کا ہیٹ ویو الرٹ جاری

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدید لہر ( ہیٹ ویو) کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کی جانب سے ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق آج سے 18 اپریل کے دوران جنوبی پنجاب میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، بہاولپور، رحیم یار خان اور بہاولنگر میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، وسطی اور بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں پیر سے جمعہ کے دوران درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری اضافہ متوقع ہے، گرمی کی لہر کے باعث آندھی یا جھکڑ بھی چل سکتے ہیں۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں بھی ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہے گی۔ہوا کے دباؤ  کی وجہ  سے آج سے دیہی سندھ کے مختلف اضلاع دادؤ، شہید بینظیر آباد، جیکب آباد، لاڑکانہ، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ اور حیدرآباد کے اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 6تا 8 ڈگری زیادہ ریکارڈ ہوسکتا ہے، گرمی کی لہر18اپریل تک برقراررہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اتوار اور پیر کو معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں،آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.9ڈگری جبکہ نمی کا تناسب 42فیصد رہا، نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے سبب ہیٹ انڈیکس کے مطابق گرمی کی شدت 42ڈگری کےمساوی رہی۔ دیہی سندھ کے دادو اورحیدرآباد ائیرپورٹ کا پارہ 43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیرضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

Watch Live Public News