اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے کہ وہ ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان سے نگران وزیراعظم کا انتخاب خوش آئیند ہے،آئینی طریقہ کار پر چلتے ہوئے ایک اچھے نام پر اتفاق ہوا ، اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مشاورت میں مدد کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انوارالحق کاکڑ ایک پڑھے لکھے اور محب وطن شخص ہے ،تمام جماعتوں کی طرف انوارالحق کاکڑ کے نام پر اعتماد ہمارے درست انتخاب کی علامت ہے ، امید ہے کہ وہ ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ 16 ماہ میں ہم نے دن رات محنت کرکے ملک کو جس معاشی استحکام سے ہم کنار کیا ہے، امید ہے اس کا تسلسل جاری رہے گا، ترقی، تعمیر اور معاشی بہتری کا تسلسل یقینی بنانا پاکستان اور عوام کی بہتری کے لئے ضروری ہے ، دعا گو ہوں کہ نگران وزیراعظم اور ان کی کابینہ عوام اور آئین کی توقعات پر پورا اتریں۔