"ہیرو کی پذیرائی"، وزیراعلیٰ مریم نواز کا ارشد ندیم کو 10 کروڑ کا چیک، "ہنڈا سوک" کا تحفہ

کیپشن: وزیراعلیٰ مریم نواز کی قومی ہیرو ارشدندیم کے گھر آمد،10 کروڑ کا چیک دیدیا

ویب ڈیسک:"ہیرو کی پذیرائی" وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو ان کے گھر جاکر اعلان کردہ انعامی رقم کا چیک پیش کردیا۔ اس کے علاوہ ارشد ندیم کو ہنڈا سوک گاڑی بھی تحفے میں پیش کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خودمیاں چنوں کی نواحی گاؤں میں اولمپیئن ارشد ندیم کے گھر پہنچ گئیں۔ 101 پندرہ ایل میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی آمد پر اولمپیئن ارشد ندیم اور اہل خانہ نے پر خلوص استقبال کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ارشد ندیم کی والدہ محترمہ رضیہ پروین کو گلے لگا لیا اور مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ارشد ندیم کی والدہ کو اپنے ساتھ بٹھایا اور کافی دیر باتیں کرتی رہیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے گھر کے اندر خود جاکر ارشد ندیم کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اہل خانہ کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنوائیں۔

اولمپئین ارشد ندیم نے اولمپکس مقابلوں کی یاد تازہ کی اور اپنی کاوش سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اولمپیئن ارشد ندیم کو 10- کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ارشد ندیم کو ہنڈا سوک کا ر'" پی اے کے 92.97"کی چابی پیش کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کوچ سلمان اقبال بٹ کو بھی پچاس لاکھ روپے کا چیک دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ارشد ندیم کے  کوچ اور استاد  کو بھی شاباش دی۔

مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کو بے مثال خوشی سے ہمکنار کیا۔ 

اولمپیئن ارشد ندیم اور انکے والدین نے وزیر اعلی کی آمد کو عزت افزائی قرار دیا۔

سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،  وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر ,  معاون خصوصی ذیشان ملک ایم پی اے ثانیہ عاشق، عامر حیات ہراج، پیر اسلم بودلہ ،چیف سیکرٹری ، اے سی ایس ساوتھ , اے آئی جی ساوتھ،سیکرٹری سپورٹس،کمشنر ، آر پی او ، ڈپٹی کمشنر ، اور دیگر بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو میڈل جتوانے والے ارشد ندیم کے لیے وفاقی، صوبائی حکومتوں، اداکاروں سمیت کئی شخصیات اور اداروں نے انعامات دینے کا اعلان کیا تھا۔

Watch Live Public News