کالی آندھی نے شاہینوں کو روند ڈالا، 34 سال بعد ون ڈے سیریز جیت لی

کالی آندھی نے شاہینوں کو روند ڈالا، 34 سال بعد ون ڈے سیریز جیت لی
کیپشن: کالی آندھی نے شاہینوں کو روند ڈالا، 34 سال بعد ون ڈے سیریز جیت لی

 ویب ڈیسک: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے میچ میں شکست دیکر 34 سال بعد قومی ٹیم سے ون ڈے سیریز جیت لی۔

تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کی بولنگ ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو 202 رنز کے بڑے ماجن سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔

295 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 92 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ کپتان محمد رضوان اور بابر سمیت 5 بلے باز مکمل طور پر ناکام رہے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے جیڈن سیلز نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اُن کو سیریز میں 10 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے تھے۔ کپتان شے ہوپ نے 120 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ جسٹن گریوز نے 24 گیندوں پر 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ بارش سے متاثرہ دوسرے ون ڈے میچ میں بھی ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے تھے۔ قومی ٹیم کی اننگز کے دوران میچ کو بارش کی وجہ سے تین بار روکا گیا۔ بعد میں پاکستان کی اننگز کو 37 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

گرین شرٹس کی طرف سے حسن نواز 36، حسین طلعت 31 جبکہ عبداللہ شفیق 26 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جیڈن سیلز تین وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے تھے۔

بارش کی وجہ سے میزبان ٹیم کو ڈرک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 35 اوورز میں 181 رنز کا ہد ملا جو ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ روسٹن چیز 49 رنز اور جسٹن گریوز 26 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ اس کے علاوہ رتھر فورڈ نے 45 جبکہ شائے ہوپ نے 32 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی طرف سے حسن علی اور محمد نواز نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

Watch Live Public News