ویب ڈیسک: ملک بھر میں مون سون بارشوں کے ساتویں اور تگڑے اسپیل کا آج سے آغاز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل آج سے شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے ۔ مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل زیادہ مضبوط ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 13 سے 17 اگست کے دوران پنجاب کے بالائی حصوں میں مون سون بارشوں کا امکان ہے۔ 18 سے 21 اگست تک پنجاب کے بیشتر میدانی اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے ۔ مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاوالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد میں بارش کی پیشگوئی ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اور اوکاڑہ میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ 21 اگست ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، اور راجن پور میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاہور ،راولپنڈی، گجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ شدید بارشوں کے باعث بڑے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے ۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے سول ڈیفنس، ریسکیو و متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظرمتعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔شدید بارشوں کے باعث مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔بارشوں کے باعث کچے مکانات مخدوش عمارتوں کو نقصان کا خدشہ ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسافر اور سیاح موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔اربن و فلیش فلڈنگ کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں گاڑی ہرگز بہتے ہوئے پانی سے کراس نہ کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں ۔