(ویب ڈیسک ) سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے یوم آزادی کے موقع پر عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 14 اور 15 اگست کو ملک بھر میں گیس کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔
ایس ایس جی سی کے ترجمان کے مطابق آج اور کل رات کے دوران گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی اور ملک میں 15 اگست کی رات 12 بجے تک گیس مسلسل فراہم کی جاتی رہے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کمپنی نے کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر گیس بندش کا عندیہ دیا تھا، تاہم اب ترجمان نے واضح کیا ہے کہ یہ بندش صرف ایک تکنیکی مجبوری کے تحت مخصوص علاقے تک محدود ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کی جانب سے لائنوں کی مرمت کے لیے تعاون کی درخواست کی گئی ہے، جس کے تحت ایس ایس جی سی کو اپنی مین سپلائی لائن ہارون آباد سائٹ ایریا میں منتقل کرنا ہوگا۔
منتقلی کے اس عمل کے دوران 14 اگست کو صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک کچھ علاقوں میں 14 گھنٹوں کے لیے گیس بند رہے گی، تاہم مجموعی طور پر یوم آزادی کے موقع پر گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔