(ویب ڈیسک )علی رضا: چیک ریپبلک میں ایک نوجوان ہاکی کھلاڑی کی والدہ اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بن گئیں جب وہ اپنے بیٹے کی ٹیم پر لگنے والے جرمانوں کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے آئس رنک پر جا پہنچی۔
یہ واقعہ پراگ کے ایک آئس رِنک پر پیش آیا، جہاں “یونائیٹڈ سیلکٹس” اور “آئس میموتھس” کے درمیان میچ جاری تھا۔ وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون غصے سے آئس رنک پر آ کر ریفری سے الجھ رہی ہیں اور ٹیم پر لگنے والے جرمانوں پر احتجاج کر رہی ہیں۔
ایک موقع پر ریفری سے دھکم پیل بھی ہوئی، جس کے بعد خاتون کو زور سے آئس رنک سے ہٹایا گیا، مگر وہ باز نہ آئیں اور دوبارہ آئس رِنک پر واپس آ گئیں، جہاں وہ بدتمیزی کرتے ہوئے ریفری کو گالیاں دیتی نظر آئیں ۔
خاتون کی یہ حرکت سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی اور ہزاروں افراد نے دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا: "زبردست، اب بچہ کبھی اس لیگ میں کھیل ہی نہیں پائے گا، شکریہ ماں!"
دوسرے نے کہا: "اگر یہ میری ماں ہوتی تو میں برف میں ہی پگھل جاتا!"
واضح رہے کہ خاتون کے بیٹے کی ٹیم 9-0 سے پیچھے تھی، اور خاتون کا دعویٰ تھا کہ یہ تمام جرمانے ریفریز کی ناانصافی کا نتیجہ تھے۔